پیر 30 شعبان 1442ﻫ - 12 اپریل 2021

حکومت اتحادیوں کا اعتماد کھو چکی، عمران خان اعتماد کا ووٹ لیکر دکھائیں، شاہد خاقان

مسلم لیگ (ن) کے رہنما شاہد خاقان عباسی نے وزیراعظم کو چینلج کرتے ہوئے کہا ہے کہ حکومت اپنے اتحادیوں کااعتماد کھو چکی، عمران خان اعتماد کا ووٹ لیکر دکھائیں۔

تفصیل کے مطابق اپوزیشن ارکان نے حکومتی پالیسیوں اور بجٹ کیخلاف اسلام آباد کی شاہراہ دستور پر احتجاج کیا۔ اس موقع پر انہوں نے ہاتھوں میں حکومت مخالف پلے کارڈ اٹھا رکھے تھے۔

اس موقع پر میڈیا سے گفتگو میں شاہد خاقان عباسی کا کہنا تھا کہ اپوزیشن نے بجٹ کو مسترد کر دیا ہے۔ ہم یہاں سڑکوں پر عوام سے یکجہتی کیلئے کھڑے ہیں۔ حکومت نے ملک کی معیشت کو تباہ کر دیا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ آج ملک میں غیر معمولی حالات ہیں۔ حکومت اپنے اتحادیوں کا اعتماد کھو چکی ہے۔ لوگ مہنگائی میں پس رہے ہیں لیکن وزیراعظم اسامہ بن لادن کی بات کرتے ہیں۔ ای سی سی کا ہر فیصلہ مشکوک ہے۔

سابق وزیراعظم نے کہا کہ مجھے 32 سال ہو گئے، ایسی بیہودہ گفتگو ایوان میں نہیں سنی، سپیکر قومی اسمبلی پارٹی بن چکے ہیں۔ باتیں کرنے سے بات نہیں بنے گی۔

انہوں نے کہا کہ حکومت ملک کو کہاں لے کر جا رہی ہے۔ کمیشن اور کمیٹیاں بنیں لیکن چینی آج بھی 90 روپے کلو ہے۔ پٹرول میں 34 فیصد اضافہ تاریخ میں کبھی نہیں ہوا۔ حکومت مکمل طور پر مفلوج ہے۔

خواجہ آصف کا بھی کہنا تھا کہ بجٹ منظوری کے دوران حکومت سادہ اکثریت بھی حاصل نہ کر سکی، وہ اپنے اتحادیوں کا اعتماد کھو چکی ہے۔ بجٹ کے بعد مہنگائی کا سیلاب شروع ہونیوالا ہے۔

لیگی رہنما نے کہا کہ ہم نے حکومت سے چھٹکارا یقینی بنانا ہے۔ اس کے جانے کا وقت ٹھہر گیا ہے۔ پٹرول کی قیمت بڑھنے سے بجلی اور اشیائے خورونوش کی قیمتیں بھی بڑھ جائیں گی۔

پیپلز پارٹی کے رہنما نوید قمر نے کہا کہ ہمارا احتجاج عوام پر گرائے جانے والے بم کیخلاف ہے۔ عوام میں اتنی سکت نہیں رہے گی کہ سانس بھی لے سکیں۔ صرف اپوزیشن کو احساس ہے کہ عوام کے ساتھ کیا ہو رہا ہے۔

یہ بھی دیکھیں

وزیراعظم عمران خان کا بے گھر افراد کو چھت کی فراہمی کا وعدہ پورا ہونے لگا۔ 

وزیراعظم عمران خان کا بے گھر افراد کو چھت کی فراہمی کا وعدہ پورا ہونے …

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے