اتوار 1 جمادی الاول 1443ﻫ - 5 دسمبر 2021

لیاقت بازار واقعہ کے ملزمان گرفتار کئے جائیں ’اراکین اسمبلی

کوئٹہ: بلوچستان اسمبلی کے اپوزیشن ارکان نے کوئٹہ شہر سمیت صوبے میں امن و امان کی مخدوش صورتحال پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے مطالبہ کیا ہے حکومت،سیکورٹی فورسز اور انتظامیہ شہر میں امن امان کی صورتحال کو بہتر کرنے کے لئے اقدامات کریں۔جمعہ کو اسمبلی اجلاس کے دوران جمعیت علماء اسلام کے رکن عبدالواحد صدیقی نے پوائنٹ آف آرڈر پر ایوان کی توجہ لیاقت بازار میں عید سے ایک روز قبل محمد اسماعیل کاکڑ کے قتل کی جانب مبذول کراتے ہوئے کہاکہ ایک ہفتہ گزر جانے کے باوجود قاتلوں کو گرفتار نہیں کیاگیا،انتظامیہ محض طفل تسلیاں دے رہی ہے جس سے متاثرہ خاندان کی بے چینی میں اضافہ ہواہے۔

انہوں نے ڈپٹی اسپیکر بلوچستان اسمبلی سے استدعا کی کہ وہ واقعہ کا از خود نوٹس لیں۔پشتونخواملی عوامی پارٹی کے رکن اسمبلی نصراللہ زیرے نے واقعہ کی مذمت کرتے ہوئے کہاکہ عید سے ایک دن قبل کوئٹہ کے کاروباری مرکز میں دلخراش واقعہ پیش آنا سیکورٹی اداروں کی کارکردگی پر سوالیہ نشان ہے کوئٹہ شہر میں سیاہ شیشے والے گاڑیوں میں اسلحہ بردار گھوم رہے ہیں جس سے انارکی پیدا ہورہی ہے۔

متاثرہ خاندان کے غم میں برابر کے شریک ہیں۔صوبائی وزیر سردارعبدالرحمن کھیتران نے کہاکہ واقعہ میں ملوث ملزمان جرائم پیشہ عناصر ہیں جو بظاہر ایران سے آئے تھے یہ لوگ مذکورہ دکان سے زیور خریدنے کیلئے آئے تھے اور موقف اختیارکیاتھاکہ حوالے کے ذریعے ان کے پیسے آرہے ہیں وہ پیسے آتے ہی ادائیگی کرینگے جس پر وہاں موجود محمداسماعیل نے موقف اختیار کیاکہ جب پیسے آجائیں توزیور لے جائیں جس پر ملزمان نے فائرنگ کی اور یہ سانحہ پیش آیا۔

انہوں نے کہاکہ حکومت واقعہ کی تحقیقات کر رہی ہے جلد قاتلوں کو کیفر کردار تک پہنچائیں گے۔اخترحسین لانگو نے لیاقت بازار میں محمداسماعیل کے قتل کی مذمت کرتے ہوئے کہاکہ کچھ عرصے قبل ایران سے 25گاڑیوں پرمشتمل افراد نے دالبندین آکر مجید نوتیزئی کے گھر پرحملہ کیااور انہیں اپنے ساتھ لے گئے یہ لوگ کئی چیک پوسٹوں کو کراس کرکے آئے اور چلے گئے تاہم کسی نے نہیں روکا۔

ایران اور افغانستان سے جس کا دل کرے یہاں آکر کسی کو قتل یا اغواء کرکے چلے جاتے ہیں حکومت اور ریاست کیا کررہی ہے؟انہوں نے کہاکہ اخلاقیات کامظاہرہ کرتے ہوئے ہمیں ہاتھ کھڑے کرنے چاہیے،انہوں نے کہاکہ سریاب میں منشیات فروشی کا سلسلہ جاری ہے کوئی گرفتاری نہیں ہورہی ہے،اسلحہ بردار لوگ سرعام گھوم رہے ہیں کوئی پوچھنے والا نہیں ہے۔‏

یہ بھی دیکھیں

وزیراعظم عمران خان کا بے گھر افراد کو چھت کی فراہمی کا وعدہ پورا ہونے لگا۔ 

وزیراعظم عمران خان کا بے گھر افراد کو چھت کی فراہمی کا وعدہ پورا ہونے …

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے