جمعرات 3 رمضان 1442ﻫ - 15 اپریل 2021

کراچی میں کھیلے جانے والے پی ایس ایل 6 کے میچز کے لئے جامع سکیورٹی پلان مرتب۔ 


کراچی میں کھیلے جانے والے پی ایس ایل 6 کے میچز کے لئے جامع سکیورٹی پلان مرتب۔

کراچی: 20 فروری، 2021سے شروع ہونے والے پی ایس ایل6 کے میچز کے سلسلے میں کراچی پولیس کی جانب سے جامع سیکیورٹی پلان مرتب کیا گیا ہے۔

سیکیورٹی پلان ایڈیشنل آئی جی کراچی غلام نبی میمن کی زیرصدارت اجلاس میں تشکیل دیا گیا جس میں ڈی آئی جی سیکیورٹی اینڈ ایمرجنسی سروسز ڈویژن مقصود احمد، کمانڈنٹ ایس ایس یو ڈاکٹر فرخ علی، پولیس، فوج، رینجرز اور پی سی بی کے سینیئر افسران سمیت تمام اسٹیک ہولڈرز نے شرکت کی۔

مجموعی طورپر کر اچی پولیس کے 5000سے زائد اہلکارپی ایس ایل – 6 کے موقع پر سیکیورٹی فرائض سرانجام دیں گے۔ سکییورٹی ڈویژن کے2500 اہلکار بشمول 1070ایس ایس یو کمانڈوز،ٹریفک پولیس، ریپڈ رسپانس فورس، اسپیشل برانچ اور ضلعی پولیس کے اہلکار دیگرقانون نافذ کرنے والے اداروں کے ہمراہ نیشنل اسٹیڈیم، کراچی ایئرپورٹ، روٹس، پریکٹس گراؤنڈز، پارکنگز، ہوٹلز اور دیگر مختلف جگہوں پر ڈیوٹی سر انجام دے رہے ہیں۔

اس موقع پر ڈی آئی جی سکیورٹی اینڈ ایمرجنسی سروسز ڈویژن مقصود احمد نے کہا کہ حساس مقامات پرماہر نشانہ باز کو بھی تعینات کیا جائے گا اور اسٹیڈیم کے مضافات میں امن وامان کی صورتحال کی نگرانی کے لئے نیشنل اسٹیڈیم پر ایک خصوصی کمانڈ اینڈ کنٹرول بس بھی تعینات کی جائے گی۔

کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لئے جدید تربیت یافتہ اور اسلحہ سے لیس کمانڈوز پر مشتمل اسپیشل ویپن اینڈ ٹیکٹس (S.W.A.T) ٹیم کو اسٹیڈیم کے اندر اور باہر تعینات کیا جائے گا۔

حفاظتی انتظامات کو مزید موٗثر بنانے کے لئے فضائی نگرانی بھی کی جائے گی۔

نیشنل اسٹیڈیم آنے والے شائقین کے لئے درج ذیل پارکنگ پوائنٹس مختص کئے گئے ہیں جہاں ٹریک سوٹ میں ملبوس ایس ایس یو کمانڈوز اور لیڈی کمانڈوز کو ان کی رہنمائی کے لئے تعینات کیا جائے گا۔
1) بیت المکرم مسجد کے قریب یونیورسٹی روڈ پر واقع حکیم سعیدگراؤنڈ
02)نیشنل کوچنگ سینٹر سے متصل چائنا گراؤنڈ (صرف وی آئی پی حضرات کیلئے)

تماشائیوں کو پارکنگ پوائنٹس سے اسٹیڈیم اوراسٹیڈیم سے پارکنگ پوائنٹس تک خصوصی بس شٹل سروس کے ذریعے پہنچایا جائے گا۔اسٹیڈیم میں داخلے سے قبل انہیں واک تھرو گیٹس اور تلاشی کے عمل سے گزرنا ہوگا۔

اسٹیڈیم میں داخل ہونے کے لئے شائقین کو اپنا اصل قومی شناختی کارڈ اور میچ کا ٹکٹ ہمراہ لانا ہو گا بصورت دیگر اسٹیڈیم میں داخلہ ممنوع ہو گا۔کھانے پینے کی اشیاء، پانی کی بوتلیں اور دیگر اشیاء اسٹیڈیم میں لیجانے کی اجازت نہیں ہو گی۔

کرونا وائرس کے پیش نظر ماسک پہننا اور سماجی فاصلہ برقرار رکھنا ہر تماشائی پر لازمی ہو گا۔

ٹریفک پلان:

میچ اوقات کے دوران حسن اسکوائر فلائی اوور / ایکسپو سینٹر ٹرننگ (سر شاہ سلیمان روڈ اسٹیڈیم کی طرف) سے ہر قسم کی ٹریفک کو اسٹیڈیم روڈ کی طرف جانے کی اجازت نہیں ہوگی۔

ٹریفک کو فلائی اوور سے یونیورسٹی روڈ کی طرف موڑ دیا جائے گا۔ اسی طرح میچ کے دوران نیشنل اسٹیڈیم فلائی اوور تمام ٹریفک کیلئے بند رہے گا۔

کارساز (شارع فیصل): ہر قسم کی چھوٹی گاڑیوں کو حبیب ابراہیم رحمت اللہ روڈ پر اسٹیڈیم سگنل کی طرف جانے کی اجازت ہوگی۔

ملینیم (راشد منہاس روڈ): ڈالمیاا روڈ ملینیم سے اسٹیڈیم سگنل تک چھوٹی گاڑیوں کے لئے کھلا رہے گا۔

نیو ٹاؤن چورنگی (یونیورسٹی روڈ): یونیورسٹی روڈ / نیو ٹاؤن ٹرننگ چھوٹی گاڑیوں کے لئے اسٹیڈیم سگنل کی طرف کھلا رہے گا۔

ٹکٹ بکنگ کا طریقہ کار:

bookme.pk سے ٹکٹ بکنگ کے مراحل:

1) اپنے براؤزر پر bookme.pk کھولیں یا bookme.pk اپلی کیشن ڈاؤن لوڈ کریں اور HBL PSL ٹکٹ پر کلک کریں
2) اپنی پسند کا میچ منتخب کریں
3) پی ایس ایل کے پسندیدہ میچ پر کلک کریں
4) رنگین اسٹیڈیم کا نقشہ منتخب کردہ میچ میں موجود ٹکٹس بمعہ انکوژرزاور قیمت دکھائے گا
5) اپنی پسند کی ٹکٹ کی قیمت پر کلک کریں
6) اب آپ اپنے منتخب کردہ انکلوژر میں ہوں گے
7) انکلوژرسے دستیاب نشست کا انتخاب کریں
8) ہرا نکلوژرمیں ٹکٹس کا انتظام سماجی فاصلے کو ملحوظ خاطر رکھ کر کیا گیا ہے
9) آپ کی منتخب کردہ نشست پیلے رنگ کی ہوگی
10) ٹکٹ کی قیمت آپ کو دائیں کالم پر نظر آئے گی
11) اگلے مرحلے میں آپ کو اپنی ذاتی تفصیلات درج کرنی ہوں گی
12) متعلقہ ذاتی مطلوبہ تفصیلات درج کریں۔ نام، CNIC اور OTP
13) اب آپ کوخریدے گئے ٹکٹ کی تفصیلات درج کرنے کی ضرورت ہے
14) یہاں سے آپ خریدنے والی ٹکٹوں کی ادائیگی کے لئے اگلی سلائیڈ پر جائیں گے
15) کریڈٹ / ڈیبٹ کارڈ یا اپنی پسندیدہ ادائیگی کا طریقہ منتخب کریں
16) پھر آپ ادائیگی کرسکتے ہیں
17) جیسے ہی آپ ادائیگی کرتے ہیں آپ کو ایس ایم ایس اور ای میل ایڈریس میں ای ٹکٹ موصول ہو جائے گا۔

ترجمان
ڈی آئی جی سیکیورٹی اور ایمرجنسی سروسز ڈویژن

یہ بھی دیکھیں

وزیراعظم عمران خان کا بے گھر افراد کو چھت کی فراہمی کا وعدہ پورا ہونے لگا۔ 

وزیراعظم عمران خان کا بے گھر افراد کو چھت کی فراہمی کا وعدہ پورا ہونے …

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے